ٹیکنالوجی

وی پی این کیا ہے؟

اس سافٹ ویئر کی مانگ میں پاکستان میں کیوں اضافہ ہو رہا ہے؟

Web Desk

وی پی این کیا ہے؟

اس سافٹ ویئر کی مانگ میں پاکستان میں کیوں اضافہ ہو رہا ہے؟

وی پی این کیسے کام کرتا ہے، فوٹو بشکریہ گوگل
وی پی این کیسے کام کرتا ہے، فوٹو بشکریہ گوگل

پاکستان میں کبھی نگران حکومت تو کبھی عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت سوشل میڈیا ویب سائٹس بند کردیتی ہے جس کا مقصد ریاست مخالف تبصروں اور سرگرمیوں کو شہریوں کی نظر سے دور رکھنا ہوسکتا ہے۔

تاہم پاکستان کے شہریوں نے اس کا بھی حل نکال لیا، بیشتر لوگوں نے وی پی این کے ذریعے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرنا شروع کردیا۔آئیے جانتے ہیں کہ وی پی این استعمال کیسے ہوتا ہے؟

وی پی این کیا ہے؟

وی پی این ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جس سے آپ انٹرنیٹ پر اپنی سرگرمی کو خفیہ رکھ سکتے ہیں اور اس سروس کی مدد سے آپ اپنی شناخت کو پوشیدہ رکھ سکتے ہیں۔وی پی این جو ورچؤل پرائیویٹ نیٹ ورک کا مخفف ہے، ایک ایسے نیٹ ورک کا نام ہے جو صارفین کو پوشیدہ طور پر براؤزنگ کی اجازت دیتا ہے۔

پاکستان اور بھارت سمیت ایسے تمام ممالک جہاں پر انٹرنیٹ صارفین کی سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی ممکن نہیں ہوتی وہاں پر وی پی این کی مدد سے صارفین اپنا مقام تبدیل کرکے ان سوشل میڈیا سائٹس کو استعمال کرسکتے ہیں۔

سوشل میڈیا کیلئے وی پی این کیسے استعمال ہوگا؟

ہوتا کچھ یوں ہے کہ وی پی این کی مدد سے صارفین تمام سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں اس کیلئے آپ کو خود کو پاکستان کے بجائے کسی اور ملک کا شہری ثابت کرنا ہوگا جس کے بعدآپ کسی بھی ایسی سائٹ تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں جس پر آپ کے ملک میں اعلانیہ یا غیر اعلانیہ پابندی عائد ہو۔

یوں پاکستان میں رہنے والے شہریوں کیلئےبلاک شدہ انٹرنیٹ سائٹس تک رسائی کیلئے وی پی این ایک بہترین آپشن بن جاتا ہے جس کے استعمال سے صارفین کو محفوظ طریقے سے براؤزنگ کا موقع مل جاتا ہے۔

وی پی این کی مانگ میں اضافہ

ملک بھر میں آج وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وی پی این کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ برس کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں وی پی این کے استعمال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ٹاپ ٹین وی پی این کی رپورٹ مطابق 10 مئی تک پاکستان میں وی پی این کی مانگ میں 1329 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد جب سوشل میڈیا سائٹس بند کی گئیں تو ایک دم سے وی پی این کے استعمال کی اوسط شرح میں 311 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

تازہ ترین