دلچسپ و خاص

غلط آرڈر کیوں بھیجا؟ خاتون کا ریسٹورنٹ پر 50 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ

ریسٹورنٹ نے پنیر تکے کی جگہ چکن سینڈوچ بھیج دیا تھا۔

Web Desk

غلط آرڈر کیوں بھیجا؟ خاتون کا ریسٹورنٹ پر 50 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ

ریسٹورنٹ نے پنیر تکے کی جگہ چکن سینڈوچ بھیج دیا تھا۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

من پسند لذیذ کھانوں کے شوقین دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں، بالخصوص آن لائن فوڈ ڈلیوری سروسز شروع ہونے کے بعد سے یہ رجحان مزید بڑھ گیا ہے۔

کچھ ایسے جذباتی بھی ہوتے ہیں جو کھانے میں کسی قسم کی کمی بیشی برداشت نہیں کرتے، من پسند کھانا نہ ملنے پر ان کا غیرمعمولی ردعمل سب ہی کو حیران کردیتا ہے۔

ایسا ہی ایک واقعہ بھارت میں پیش آیا جہاں ایک خاتون نے غلط آرڈر بھیجنے پر ریسٹورنٹ کے خلاف 50 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ کردیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں نرالی نامی خاتون نے آن لائن فوڈ ڈلیوری ایپ سے پنیر تکہ سینڈوچ آرڈر کیا تھا، وہ Vegetarian ہیں اور اپنے ہندو رسم و رواج کے مطابق صرف سبزیاں کھاتی ہیں۔

کھانا گھر پہنچنے کے بعد جب نرالی نے سینڈوچ کھانا شروع کیا تو انہیں احساس ہوا کہ پنیر کچھ زیادہ ہی سخت ہے، انہیں لگا ہے کہ وہ سویا ہے لیکن دراصل وہ پنیر سینڈوچ کے بجائے چکن سینڈوچ نکلا۔

خاتون نے زندگی میں کبھی بھی non-vegetarian کھانا نہیں کھایا تھا لہٰذا انہوں نے غلط آرڈر بھیجنے پر ریسٹورنٹ کے خلاف ڈپٹی ہیلتھ کمشنر کو شکایت درج کرادی اور 50 لاکھ ہرجانے کا دعویٰ کردیا۔

اس غلطی پر فوڈ ڈپارٹمنٹ نے ریسٹورنٹ پر 5 ہزار روپے جرمانہ کردیا لیکن خاتون نے کہا کہ ’یہ بہت بھاری نقصان ہے جس کی تلافی نہیں ہو سکتی، 5 ہزار روپے جرمانہ کافی نہیں ہے‘۔

خاتون نے مزید کہا کہ ’میں انصاف کے حصول کے لیے کنزیومر کورٹ جاؤں گی، میں نے 50 لاکھ ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے، میں اس سے زیادہ بھی مانگ سکتی تھی لیکن جو نقصان مجھے پہنچا اس کی تلافی کے لیے یہ بھی کافی نہ ہوتا‘۔

اِس واقعے پر ریسٹورنٹ کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، دوسری جانب ہرجانے کا نام پر اتنی بھاری رقم کا مطالبہ کرنے پر کئی لوگ خاتون کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں لیکن خاتون کا کہنا ہے کہ ’میں یہ سب اُن نوجوانوں کے لیے کر رہی ہوں جن کے ساتھ ایسا ہوتا ہے لیکن وہ اپنے حقوق سے لاعلم ہیں‘۔

تازہ ترین