8 سال بعد انجلینا، بریڈ پٹ کی طلاق کے معاملات طے پاگئے
اداکارہ نے شادی کے 2 سال بعد طلاق کی درخواست دائر کردی تھی۔
ہالی وڈ اسٹارز انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے باضابطہ طور پر اپنی طلاق کے معاملات طے کرلیے ہیں، جس سے دونوں کے درمیان 8 سال سے جاری قانونی جنگ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
یہ نامور جوڑی انجیلنا جولی اور براڈ پٹ جنہیں ’برینجلینا’ کا نام بھی سے بھی جانا جاتا تھا 2005ء میں فلم مسٹر اینڈ مسز کی شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے کے قریب آگئے تھے اور ان کا یہ تعلق ایک دہائی تک جاری رہا۔
انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے تقریباً ایک دہائی تک ساتھ رہنے کے بعد اگست 2014 میں شادی کی تھی شادی کے صرف دو سال بعد ستمبر 2016 میں اداکارہ کی جانب سے طلاق کے لیے درخواست دائر کردی گئی تھی۔
ان کی جانب سے لگائے گئے ا لزامات میں کہا گیا تھا کہ طلاق کی درخواست سے کچھ دن پہلے خاندان میں ایک خوفناک صورتحال پیش آئی اور بریڈ پٹ پر نجی طیارے میں جسمانی طور پر بدسلوکی کا الزام لگایا گیا تھا۔
جولی اور پٹ کو 2019 میں قانونی طور پر سنگل قرار دیا گیا تھا۔
تاہم 8 سال کے طویل عرصے بعد اب ہالی وڈ کے سابقہ پاور کپل نے پیر 30 دسمبر کو اپنی طلاق کے کاغذات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
طلاق کے لیے انجلینا جولی کے وکیل جیمز سائمن نے میڈیا کو بتایا کہ اداکارہ اس سنگ میل تک پہنچنے پر راحت محسوس کر رہی ہیں، سچ کہوں تو انجلینا تھک چکی ہیں۔
وکیل نے بتایا کہ 'آٹھ سال قبل انجلینا نے بریڈ پٹ سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی، انہوں نے اور بچوں نے وہ تمام جائیدادیں چھوڑ دی تھیں جو انہوں نے بریڈ پٹ کے ساتھ شیئر کی تھیں اور اس وقت سے، انہوں نے اپنے خاندان کے لیے امن اور سکون کی تلاش پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے'۔
اب جب کہ طلاق کے تصفیے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے لیکن فرانس میں چیٹو میراول انگور کے باغ پر اس جوڑے کا قانونی تنازع اب بھی جاری ہے۔
بریڈ پٹ نے انجلینا جولی پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے وائنری میں اپنا حصہ ان کی رضامندی کے بغیر اسٹولی گروپ کو فروخت کیا۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے رپورٹ کیا کہ جولی اور پٹ دونوں نے ثالثی کے ذریعے اس معاملے کو حل کرنے یا کیس کو جیوری ٹرائل میں لے جانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
صورتحال کے قریبی واقف کار ذرائع کا کہنا تھا کہ انجلینا جولی 'تاریک دور سے گزرنے کے بعد روشنی بننے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں'۔
ذرائع نے کہا کہ 'وہ اس معاملے کے بارے میں عوامی یا نجی سطح پر برائی نہیں کرتیں، بچے یہ دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں کہ کچھ لوگوں کے پاس اتنی طاقت اور استحقاق ہے کہ ان کی آواز سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کے درد کا کوئی حساب نہیں ہے'۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ان کے چھ بچے، میڈوکس، پیکس، زاہارا، شیلو، ویوین اور ناکس چاہتے تھے کہ اداکارہ ان برسوں میں اپنے دفاع کے لیے اپنے لیے بات کریں لیکن وہ انہیں یاد دلاتی ہیں کہ وہ سرِ عام اپنی کہانیاں سنانے کے بجائے نظام اور قانونی تبدیلیوں پر توجہ دیں۔
بریڈ پٹ اب تقریباً دو سال سے لاس اینجلس میں مقیم جیولری ڈیزائنر انیس ڈی ریمون کے ساتھ رومانوی طور پر منسلک ہیں۔





