پاکستان

غیر ملکی ویلاگر وزیراعظم ہاؤس میں، آخر ماجرا کیا ہے؟

ٹام نے بتایا کہ انہیں حکومت نے خود مدعو کیا تھا۔

Web Desk

غیر ملکی ویلاگر وزیراعظم ہاؤس میں، آخر ماجرا کیا ہے؟

ٹام نے بتایا کہ انہیں حکومت نے خود مدعو کیا تھا۔

حال ہی میں غیر ملکی ویلاگرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس سے بنائی گئی ویڈیوز منظر عام پر آئی تھیں۔

جس سے یہ سوال پیدا ہوا کہ آخر یہ غیر ملکی ویلاگرز اتنے اہم ریاستی مقامات پر کیا کررہے ہیں؟

تاہم نیدر لینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹریول ویلاگر ٹام نے پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس سے ویڈیوز شیئر کر کے بتایا کہ وہ سب حکومت پاکستان کے مدعو کرنے پر وہاں پہنچے تھے۔

ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ٹام نے معروف کاروباری شخصیت ذیشان شاہ کو ٹیگ کر کے بتایا کہ وہ 7 سال سے زیادہ عرصے سے کانٹینٹ کری ایٹرز کو اپنے پیارے پاکستان آنے کی دعوت دے رہے ہیں تاکہ اس ملک اور پاکستانی عوام کے بارے میں لوگوں کے تاثرات کو تبدیل کیا جا سکے۔

اس حقیقت کے پیش نظر کہ پاکستان کے بارے میں مین اسٹریم میڈیا کی کوریج اکثر مثبت نہیں ہوتی، یہ کوئی آسان کام نہیں ہے۔

ٹام کا کہنا تھا کہ اس سال ذیشان نے مجھے بتایا کہ آپ میزبان ہوں گے اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ایک گروپ کی قیادت کریں گے کیونکہ آپ اب 5 بار پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور آپ پاکستان کی سیاحت کی علامت ہیں۔

ٹام نے مزید بتایا کہ پاکستان کے بارے میں تاثرات بدلنے کے اس سفر کی کوریج نے وزیر اعظم کی توجہ حاصل کی اور پھر ہمیں مدعو کیا گیا، جہاں ذیشان شاہ نے مجھے فرنٹ سیٹ پر بٹھا دیا… میں مانتا ہوں کہ میں گھبرا گیا تھا! 

ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ 'ہمیں پارلیمنٹ ہال میں ہونے والی بحث میں شرکت کی دعوت ملی، ہم پبلک اسٹینڈز میں بیٹھے تھے اور تمام اراکین پارلیمنٹ اور اپوزیشن کی جانب سے سرکاری طور پر استقبال کیا گیا!

قومی اسمبلی کی کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے ٹام نے کہا کہ سب سے قابل ذکر بات یہ تھی کہ اپوزیشن کے ایک رکن پارلیمنٹ میں عمران خان کی ایک بڑی سی تصویر لیے بیٹھے تھے۔

ٹام کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے پارلیمنٹ ہاؤس میں یہ دیکھنے کا ناقابل یقین تجربہ ہے کہ پاکستان میں حالات کیسے چل رہے ہیں بدقسمتی سے اسمبلی کے اندر فلم بندی کی اجازت نہیں دی گئی!

اس کے علاوہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس سے بھی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیگر سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔

اس ملاقات کے بارے میں ٹام نے بتایا کہ ہمیں وزیر اعظم پاکستان  جناب شہباز شریف نے خود وزیر اعظم ہاؤس میں مدعو کیا تھا اور انہوں نے یہ کہتے ہوئے اپنی تقریر شروع کی کہ میں نے میری ویڈیوز دیکھی ہیں۔ 

غیر ملکی ویلاگر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس کے اندر  فلم بندی کرنے اور وزیر اعظم پاکستان جناب شہباز شریف سے ملاقات کرنے کی خصوصی اجازت ملی۔

تازہ ترین