شاہین شاہ کی مہندی، بھائی نے ویڈیو جاری کردی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی اپنے سسر و سابق کپتان شاہد آفریدی کے ساتھ مہندی کی تقریب میں کھانا کھاتے ہوئے بنائی گئی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
رواں سال کے آغاز میں انشا آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک دوسرے کو اپنے نکاح میں قبول کیا تھا اور اس کے سات ماہ بعد آج انشا اپنے شوہر شاہین کے ساتھ رخصت ہوجائیں گی۔
رخصتی سے ایک روز قبل ان کی مہندی کی تقریب منعقد کی گئی جس کی چند تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں اور شاہین اور انشا کے چاہنے والوں کو وقتاً فوقتاً مہندی کی تقریب کی جھلکیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔
اب شاہین شاہ آفریدی کے بھائی شان آفریدی نے مہندی کی تقریب میں کھانا کھاتے وقت کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک بڑی میز پر کچوریا، مٹھی کباب، سالن، سلاد و دیگر مزے دار ڈشز رکھی دیکھی جاسکتی ہیں۔
مذکورہ ویڈیو میں شاہد آفریدی اور دلہا شاہین آفریدی کو کھانے کی میز پر ایک ساتھ بیٹھے کھانا نوش کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
مہندی کی اس رنگا رنگ تقریب میں شاہین آفریدی نے سفید شلوار قمیص کے ساتھ ہلکی گلابی واسکٹ زیب تن کی ہے جبکہ شاہد آفریدی نے تیز نیلی شلوار قمیص پہنی ہے۔